شاندار موت
شاکرہ نندنی
ہو سکتا ہے کی آپ کا ایک نیک عمل پوری زندگی کے گناہوں پر بھاری پڑ جائے یا آپ کا ایک گناہ پوری زندگی کی نیکیوں کو نگل دے. ایک ایسے ہی انسان کی کہانی ….. ؟
وہ بائک پر تیزی سے اپنی منزل پر رواں دواں تھا۔ سگریٹ کی بدبو ابھی تک اس کے منہ سے آ رہی تھی۔ ہوا کی وجہ سے اس کے بال بار بار اُڑ رہے تھے۔ اچانک اس نے بریک لگائی پیچھے بیٹھے دوست نے سوالیہ نظروں سے چاروں طرف دیکھا کہ اس نے بریک کیوں لگاَئی ہے۔
اس نے ایک طرف اشارہ کیا تو اس کے دوست کو ایک کونے میں مسجد نظر آ ئی۔ دوست نے ہنس کر اسے دیکھا اور کہا ” لگتا ہے ایمرجنسی ہے ورنہ تم نماز پڑھنے سے تو تم رہے ”
اس نے کہا ” نہیں یار آج نماز پڑھنے کو دل کر رہا ہے ”
اس کے دوست کو حیرت ہوئی بہر حال وہ اسکے ساتھ مسجد میں جانے کے لئے اس کے ساتھ چلنے لگا۔ مسجد کافی قدیم تھی۔ لیکن آبادی کے اندر تھی۔ وہ وضو کرنے لگے اس نے مسواک لی اور کرنے لگا مسواک کرنے سے اس کے منہ میں سے آنے والی بد بو ختم ہو گئی تھی عصر کی نماز میں تھوڑا ہی ٹائم رہ گیا تھا۔
بہر حال اس نے نماز شروع کی ۔۔۔۔
پہلی رکعت
دوسری رکعت
تیسری رکعت
چوتھی رکعت میں جب وہ سجدے میں گیا تو اس کا سجدہ لمبا ہی ہو گیا۔۔۔
اس کے دوست کی نماز مکمل ہوئی تو اس نے دیکھا کہ وہ ابھی تک سجدے میں ہے وہ ایک طرف بیٹھ گیا لیکن اس کا انتظار بھی لمبا ہوتا گیا۔
وہ اس کے پاس گیا اور اسے ہلایا تو وہ ایک طرف کو ڈھلک گیا اس کے دوست کے اوسان خطا ہو گئے اس نے اسے ہلایا جلایا لیکن اس کے جسم میں جنبش نہ ہوئی دوست نے اس کی نبض چیک کی تو وہ بھی ساکن تھی۔ اس کے اوسان خطا ہو گئے اس کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے اور دل میں ایک ہی بات تھی۔۔
کہاں ایک دُنیا کے گناہوں کا مارا ہُوا اور کہا یہ شاندار موت۔
اوراسکے دوست کے لبوں پر یہی بات تھی کہ کاش اس کی جگہ پر میں ہوتا