میانوالی ( محمد اسد سے ) واپڈا کا وانڈھی گھنڈ والی کے مکینوں سے مذاق ۔ ٹرانسفارمر رکھ کر چالو کرنا بھول گئے ۔
تفصیلات کے مطابق میانوالی شہر کے انتہائی گنجان آباد علاقے وانڈھی گھنڈ والی کے مکین گذشتہ تین ماہ سے واپڈا کی ستم ظریفیوں اور چیرہ دستیوں کا شکار ہیں ۔ چھہ ماہ قبل اسی گنجان آباد علاقے سے بجلی کے دو ٹرانسفارمر چوری ہو گئے تھے ۔ علاقہ مکینوں نے بڑی تگ و دو اور بھاگ دوڑ کے بعد ٹرانسفارمر لگوا لیا تھا ۔ واپڈا نے گلی نمبر 9 میں بجلی کے ٹرانسفارمر کا خالی ڈھانچہ رکھ کر اہلِ محلہ کو لولی پاپ دے دیا تھا ۔ تین سے زائد کا عرصہ گذرنے کے باوجود ابھی تک اس ٹرانسفارمر کے لنک نہیں لگائے گئے جس کی وجہ سے پورے علاقے کا بوجھ ایک ٹرانسفارمر پر ہے ۔ اس صورتحال میں وانڈھی گھنڈ والی کے مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ اکلوتے ٹرانسفارمر پر بوجھ ہونے کی وجہ سے بار بار ٹرانسفارمر ٹرپ کر جاتا ہے ۔ علاقے میں وولٹج کی کمی بھی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو اضافی یونٹوں کا بوجھ بھی پڑ رہا ہے ۔ وانڈھی گھنڈ والی کے مکینوں نے واپڈا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لے کر ٹرانسفارمر کو چالو کیا جائے تاکہ عوام کو شدید گرمی اور رمضان المبارک کے دوران پیش ہونے والی مشکلات سے نجات مل سکے ۔