محمد منصور آفاق اور ڈاکٹر تیمور حسن تیمور کے اعزاز میں تقریب
محمد منصور آفاق اور ڈاکٹر تیمور حسن تیمور کے اعزاز میں تقریب
سہ ماہی ’’تمام ‘‘ کی مدیرہ اعلیٰ بلقیس خان اور مدیرہ ارم ہاشمی کی جانب سے مُلک کے ممتاز شاعر کالم نگار و ڈرامہ نگار محمد منصور آفاق اور خوبصورت اُسلوب کے صاحبِ کتاب شاعر ڈاکٹر تیمور حسن تیمور کے اعزاز میں جناح ہال میانوالی میں ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے ممتاز شعرائے کرام نے شرکت کی ۔ تقریب کی صدار ت محمد منصور آفاق نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر تیمور حسن تیمور تھے اعزازی نششتوں پر واہ کینٹ سے آئے ہوئے ممتاز شاعر شمشیر حیدر اور اسلام آباد کے شاعر زبیر قیصر متمکن تھے ۔ نظامت کے فرائض میانوالی کے سینئر صحافی اور کالم نگار انوار حسین حقی نے سر انجام دیئے ۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا ۔ظہور احمد ترگوی نے آیاتِ ربانی کی تلاوت کی جبکہ صحافی زبیر ہاشمی نے نعتِ رسول پاک ﷺ پیش کی ۔ معروف شاعر شاکر خان نیازی نے ڈاکٹر تیمور حسن تیمور کی ادبی خدمات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر تیمور کی شاعری نے اپنی فنی خصائص کی بدولت بہت جلد اپنے آپ کو منوا لیا ہے ۔ سرائیکی اور اردو کے ممتاز شاعر محمد مظہر نیازی نے ڈاکٹر تیمور حسن تیمور کی شاعری خصوصاً غزل کے حوالے سے خوبصورت خیالات کا اظہار کیا ۔ ممتاز شاعر اور کالم نگار محمد منصور آفاق نے ڈاکٹر تیمور حسن تیمور کی شاعری کے حوالے سے اپنے کلیدی خطاب میں تیمور حسن کو دلوں کو تسخیر کرنے والا شاعر قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تیمور حسن تیمور نے مشاعروں میں پذیرائی کے ساتھ ساتھ قاری کے دل کو تسخیر بھی کیا ہے ۔ انہوں نے بلقیس خان کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ میانوالی جیسے پسماندہ و درماندہ علاقے میں ادبی تقریبات میں میانوالی کی قابل فخر بیٹیوں کی شرکت یہاں کے سماج میں مثبت رویوں کے فروغ کا باعث بنے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ میانوالی سے ادبی جریدے کا باقاعدگی سے اجراء دُخترانِ میانوالی ارم ہاشمی اور بلقیس خان کی قابلِ احترام کاوشوں کا ثمر ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر تیمور حسن تیمو ر کا کہنا تھا کہ کسی دوسرے کی صلاحیتوں کا اعتراف کشادہ دلی اور اعلیٰ ظرفی کا مظہر ہے میانوالی میں بلقیس خان اور ادارہ تمام کی جانب سے مجھے جس پذیرائی سے نوازا گیا اُس پر ہمیشہ میانوالی کی بیٹی بلقیس خان کا شکر گذار رہوں گا ۔ تقریب کی دوسری نشست میں مختلف شعرائے کرام نے اپنا کلام پیش کیا جن میں محمد منصور آفاق ، ڈاکٹر تیمور حسن تیمور ، شمشیر حیدر ، زبیر قیصر ، زوحان عابد ربانی ، محمد مظہر نیازی ، خالد ندیم شانی ، شاکر خان ، سمیع اللہ نوید ، صابر بھریوں ، محمد نذیر یاد ، مختار واثق ، نور محمد تری خیلوی ، طالب حسین عامر، عمران حفیظ ، محمد خورشید ، محمد رضوان ، ظہور احمد ترگوی ، جاذب شاہ ، وسیم اکرم اور صحافی زبیر ہاشمی شامل تھے ۔